Thursday, March 26, 2026

ایران نے سپریم لیڈر بنانے کی پیشکش کی, میں نے منع کردیا؛ ٹرمپ کی طنزیہ ویڈیو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ایک ایسا مضحکہ خیز دعویٰ کردیا جس نے سب کو حیران کرکے رکھ دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے ریپبلکن کی چندہ مہم فنڈ تقریب میں حیران کن اور طنزیہ دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی قیادت نے غیر رسمی طور پر انہیں اگلا سپریم لیڈر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے اندر موجودہ صورتحال اتنی خراب ہے کہ کوئی بھی سربراہ بننے کا خواہش مند نہیں ہے۔ ایران نے مجھے اس منصب کی پیشکش کی جس پر میں نے شکریہ کے ساتھ جواب دیا کہ نہیں، میں نہیں بننا چاہتا۔ یاد رہے کہ 28 فروری کو اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے تھے جن کی جگہ 8 مارچ کو ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر بنایا گیا ہے۔ اسرائیل اور امریکا یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ جس حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کو ہلاک کیا گیا اسی حملے میں ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای بھی شدید زخمی ہوگئے تھے، ان کی ٹانگ پر چوٹ لگی ہے۔ BREAKING : "Iran wanted to make me their Supreme Leader, but I refused and said, 'No, thank you.'" - Donald Trump... View more pic.twitter.com/kA40UyWPci — Times of Iran News (@Timesofiraan) March 26, 2026 واضح رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای سپریم لیڈر بننے کے بعد سے اب تک کبھی منظرعام پر نہیں آئے اور نہ ہی ان کی کوئی تازہ تصویر جاری کی گئی ہے۔ ان کے بیانات بھی پڑھ کر سنائے گئے ہیں۔  

Wednesday, March 25, 2026

آبنائے ہرمز کھولنے کیلیے برطانیہ میں اہم فوجی مذاکرات؛ 30 ممالک کی شرکت متوقع

برطانیہ اور فرانس نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی اتحاد بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں جس کے لیے اس ہفتے اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزارتِ دفاع کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان مذاکرات میں تقریباً 30 ممالک کے فوجی نمائندے شریک ہوں گے جن کا مقصد ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے تاکہ عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم اس سمندری راستے کو دوبارہ محفوظ بنایا جا سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور نیدرلینڈز نے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز میں محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ بعد ازاں مزید 24 ممالک نے بھی اس مؤقف کی حمایت کی۔ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے مزید ایک اعلیٰ سطحی اجلاس متوقع ہے جس میں مختلف ممالک کے افواج کے سربراہان شریک ہوں گے اور عملی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ برطانوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ایڈمرل سر ٹونی راڈاکن نے اتوار کے روز ابتدائی اجلاس کی صدارت کی، جس میں 6 بنیادی ممالک کے علاوہ کینیڈا نے بھی شرکت کی۔ برطانوی عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ اجلاسوں میں مزید ممالک کو بھی اس اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی جا سکتی ہے جس سے اس مشن کو مزید تقویت ملے گی۔    

Tuesday, March 24, 2026

بھارت؛ پاکستانی پرچم لہرانے والی دخترانِ ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو عمر قید

بھارت کی بدنام زمانہ جیل میں 2017 سے بے گناہ قید مقبوضہ کشمیر کی تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرانی کے متنازع کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی ایک عدالت نے مقبوضہ کشمیر کی تنظیم ’دخترانِ ملت‘ کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور اُن کی دو ساتھیوں صوفی فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین کو انسدادِ دہشت گردی کے قانون کے تحت سزائیں سنائیں۔ بھارتی تحقیقتی ایجنسی کے مطابق گذشتہ برسوں کے دوران مختلف پولیس تھانوں میں آسیہ اندرابی کے خلاف 33، صوفی فہمیدہ کے خلاف 9 اور ناہیدہ نسرین کے خلاف 5 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔ تاہم دہلی کی عدالت نے ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے اور سازش رچانے کے الزامات میں تینوں خواتین رہنماؤں کو مجرم قرار دیا تھا۔ 65 سالہ آسیہ اندرابی کو عمر قید جبکہ 41 سالہ صوفی فہمیدہ اور 59 سالہ ناہیدہ نسرین کو تیس تیس سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کی سماعت میں بھارت کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے عدالت سے تینوں خواتین کو عمر قید کی سزا دینے کی سفارش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمر قید سے کم سزا پر عوام کا قانون پر سے اعتبار کم ہوجائے گا۔ اس موقع پر آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کے وکیل شارق اقبال نے دلائل دیئے تھے کہ ایجنسی کی طرف سے فراہم کردہ ثبوت ناکافی ہیں بلکہ یہ بدنیتی پر مبنی دکھائی دیتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ خواتین اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور اپنے گھر سے 800 کلومیٹر دور تقریباً 8 سال سے قید میں ہیں جس کے باعث تینوں خواتین کئی عارضوں میں بھی مبتلا ہوگئی ہیں۔ خیال رہے کہ آسیہ اندرابی ایم اے عربی ادب ہیں جب کہ ناہیدہ زولوجی اور اسلامک اسٹڈیز میں ایم اے کی ڈگری رکھتی ہیں جبکہ صوفی فہمیدہ گریجویٹ ہیں۔ یاد رہے کہ چارج شیٹ میں آسیہ اندرابی پر لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید سے رابطے اور تقریروں میں تشدد کو فروغ دینے کے الزامات تھے۔ جس میں انھوں نے نوجوانوں کو اسلحہ اٹھانے پر اکسایا تھا۔ دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 24 مارچ کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ آسیہ اندرابی ہر 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی پرچم لہراتی تھیں جو مودی سرکار کو ایک آنکھ نہ بھاتا تھا۔  

Monday, March 23, 2026

جیٹ فیول کی قیمت میں فی لیٹرمزید 46 روپے کا اضافہ، نئی قیمت 388 ہوگئی

جیٹ فیول کی قیمت میں فی لیٹرمزید 46 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد نئی قیمت 388 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق ایران اسرائیل و امریکی جنگ  ائیرلائنز کے لیے مزید چیلنجز کا باعث بن گئی،جیٹ فیول کی قیمت میں فی لیٹر 46 روپے کا اضافہ ہوگیا، کمرشل جہازوں، ایئربس اور بوئنگ کے طیاروں میں استعمال ہونے والےایندھن کی  قیمت فی لیٹر 46 روپے بڑھ کر 388 روپے لیٹرہوگئی۔ ذرائع کے مطابق یکم مارچ سے اب تک مسافر بردار طیاروں کے ایندھن کی فی لیٹر قیمت 200 روپے تک اضافہ ہوچکا ہے،یکم مارچ کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے لیٹرتھی۔  مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال کے پیش نظر جیٹ فیول کی سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے، اسی وجہ سے جیث فیول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مشرق وسطٰی جنگ؛ برطانیہ نے ایرانی سفیر کو طلب کرلیا

برطانیہ نے دو ایرانی نژاد شہریوں پر غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو مدد فراہم کرنے کے شبہ میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس مقدمے میں ایرانی شہری علی رضا فراسانی اور ایک ایرانی نژاد برطانوی شہری نعمت اللہ شہسواری نامزد ہیں۔  لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق ان دونوں افراد نے خیر ملکی ایجنسی کے لیے لندن میں یہودی کمیونٹی سے منسلک افراد اور مقامات کی نگرانی کی تھی۔ جس پر آج ایرانی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ایران اور اس کے حمایت یافتہ افراد سے پیدا ہونے والے خطرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔