شہر قائد کے علاقے گلبہار میں واقع خالی فلیٹ میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 55 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گلبہار میں فلیٹ کے اندر زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، دھماکے سے فلیٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں فلیٹ کا ملبہ گلی میں جا گرا جبکہ جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کی بعد پولیس نے کرائم سین یونٹ اور بی ڈی ایس کو بھی طلب کیا اور شواہد اکھٹے کیے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او گلبہار ہدایت حسین نے ایکسپریس کو بتایا کہ بدھ کی صبح ساڑھے دس اور گیارہ بجے کے درمیان علاقے میں موجود عمارت کی پہلی منزل کے فلیٹ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ واقعے میں 52 سالہ فاطمہ جھلس کر شدید زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔ دھماکے سے فلیٹ کی بالکونی اور دیگر ملبہ گلی میں گرا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کیا گیا۔ ہدایت حسین نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والی خاتون دوسری منزل پر رہائش پذیر تھیں اور پہلی منزل کا فلیٹ بھی انہی کا ہے جو کہ کافی عرصے سے بند تھا اور شبہ ہے کہ اس میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ماچس جلانے یا کوئی شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ پولیس نے بھی واقعے کو گیس کا دھماکا قرار دیا ہے۔
Wednesday, June 25, 2025
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
0 comments:
Post a Comment